منہاج القرآن کے زیراہتمام میلاد کڈز فیسٹول مختلف سکولوں کے سینکڑوں بچوں کی شرکت

اللہ کے نائب کو ’’نیب‘‘ سے بچانے کیلئے والدین بچوں کی اسلامی تربیت کریں، فضہ حسین قادری
بچوں کی تعلیم و تربیت والدین کی ذمہ داری ہی نہیں، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مبارک سنت بھی ہے، رہنما ویمن لیگ

لاہور (13 دسمبر 2015) منہاج القرآن ویمن لیگ کی سنیئر رہنما فضہ حسین قادری نے آغوش کمپلیکس میں منعقدہ میلاد کڈز فیسٹول سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے نائب انسان کو ’’نیب‘‘ سے بچانے کیلئے والدین اپنے بچوں کی اسلامی تربیت پر توجہ دیں، بچوں کی تعلیم و تربیت والدین کی ذمہ داری ہی نہیں بلکہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مبارک سنت بھی ہے۔ تعلیم برائے عہدہ کی بجائے تعلیم برائے خدمت انسانیت کی تحریک چلانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسلامی تربیت سے محروم اعلیٰ تعلیم یافتہ ڈگری ہولڈرز جب تعلیم کو صرف ذریعہ معاش بناتے ہوئے نیب کے ہتھے چڑھ جاتے ہیں تو پھر بزرگ والدین اور اہل و عیال شدید ذہنی اذیت سے دو چار ہوتے ہیں لہذا اس شرمساری سے بچنے کیلئے والدین اپنے بچوں کی ایسی تربیت کریں جو آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم چاہتے ہیں۔ میلاد کڈز فیسٹول کا اہتمام نظامت تربیت کے ڈائریکٹر غلام مرتضیٰ علوی کی طرف سے کیا گیا۔ فیسٹول میں مختلف سکولوں کے بچوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ بچوں کے درمیان نعت، تقاریر، تلاوت کا مقابلہ ہوا۔ اول، دوم سوم پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ بچوں کو اسلامی تاریخی واقعات پر مبنی سبق آموز کارٹونز دکھائے گئے اور ان میں علم کے حصول کی خواہش پیدا کرنے کیلئے کوئز پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ کڈز فیسٹول سے علامہ غلام مرتضیٰ علوی، ڈاکٹرنوشابہ، تسلیم علوی، طیبہ کوثر، عائشہ نایاب، صدف فاطمہ، سائرہ اشرف، محمود احمد، شکیل طاہر نے بھی خطاب کیا۔ کڈز فیسٹول کے اختتام پر مہمانان گرامی نے بچوں کے ہمراہ ماہ ربیع الاول کی آمد کی خوشی میں کیک کاٹا اور بچوں نے نعتیہ کلام پڑھ کر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا۔

تبصرہ