سپین: اولاد کی کردار سازی ماں کی اولین ذمہ داری ہے: غزالہ حسن قادری کا تربیتی نشست سے خطاب

MWL Spain Organize Mother Training Session

منہاج القرآن ویمن لیگ سپین کے زیراہتمام ماؤں کے لیے خصوصی تربیتی نشست کا انقعاد کیا گیا جس میں بارسلونا کے مختلف علاقوں سے خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام میں محترمہ غزالہ حسن قادری (ممبر سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل) نے خصوصی گفتگو کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔

ممبر سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل غزالہ حسن قادری نے تربیتی پروگرام میں "یورپ میں رہتے ہوئے بچوں کی تربیت کیسے کی جائے؟" کے موضوع پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ ماں کی گود انسان کی پہلی درس گاہ ہے۔ ماں کا جذبۂ ایمان جتنا زیادہ ہوگا یہ درس گاہ اتنی ہی بلند معیار کی حامل ہوگی اور اس میں پلنے والے بچوں کی تربیت اتنی ہی عمدہ ہوگی۔ عربی میں ماں کو ’’ ام‘‘ کہا جاتا ہے اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بھی ’اُمّی‘ کہا گیا ہے۔ اس میں لفظی نسبت کے ساتھ ساتھ ایک معنوی نسبت ہے اور وہ یہ کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ساری انسانیت کے لیے رحمت و شفقت تھے اور ماں اپنی اولاد کے لیے سراپا محبت و شفقت ہوتی ہے۔

غزالہ حسن قادری نے کہا کہ معاشرے کے بگاڑ اور اصلاح کی محرک ماں ہے۔ وہ بچوں کی بہترین معلمہ ہے۔ پھولوں کے بغیر جس طرح ہر باغ بے رنگ و بو ہوتا ہے اسی طرح عمدہ پرورش اور تربیت کے بغیر ہر بچہ ناسمجھ اور گنوار رہتا ہے۔ بچے پھولوں کی طرح نازک، خوبصورت اور حساس ہوتے ہیں، ان کی نگہداشت، پرورش بھی اتنی ہی ضروری اور محنت طلب ہے جتنی کسی باغ کی دیکھ بھال اور آرائش۔ ماں کی محنت، توجہ اور ایثار ان پھولوں میں رنگ بھرتا ہے اس طرح وہ دلکش اور کارآمد بنتے ہیں۔

گفتگو کے اختتام پراُنہوں نے اِس بات پر زوردیا کہ دور حاضر کے چیلنجز کو سامنے رکھتے ہوئے مائیں اپنے بچوں کی تربیت کریں، انہیں بھرپور توجہ دیں۔ یورپ میں رہنے والی مائیں خاص طور پر اپنے بچوں کی تربیت اسلامی تعلیمات کی روشنی میں کریں تاکہ وہ بچے معاشرے کے مفید رکن بن سکیں اور معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار بہتر طور پر ادا کریں۔ انہیں مہذب، شائستہ اور احسن اخلاق سکھائیں۔

رپورٹ: زہرہ اصغر، کارکن منہاج القرآن ویمن لیگ سپین

MWL Spain Organize Mother Training Session

MWL Spain Organize Mother Training Session

MWL Spain Organize Mother Training Session

تبصرہ