رمضان المبارک کی روح ایثار اور قربانی ہے، فیض الرحمان درانی

قدرتی آفات میں گھری امت مسلمہ کی مدد کرنا ہی رمضان المبارک کا سبق ہے
جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب‎

Minhaj ul Quran Press Releaseتحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمان درانی نے کہا ہے کہ ماہ صیام ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ تقوی شعاری اور انسانیت کا عملی پیکر بن کر دنیا کے سامنے پیش ہوں۔ استحصال اور موقعہ پرستی کے کرب سے دکھی انسانیت کو سکون کی راہ دکھائیں، رمضان المبارک کی روح ایثار اور قربانی ہے۔ اپنی ضروریات کو محدود کر کے معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کو باعزت مقام دلانے کیلئے جدوجہد کرنا ہی زندگی کا مقصد ہونا چاہیے اسکے آغاز کیلئے رمضان المبارک بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ کراچی میں شدید گرمی اور لوڈ شیڈنگ سے جاں بحق ہونے والے ہم وطنوں کے درجات کی بلندی اور لواحقین سے عملی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انکی دل کھول کر مالی مدد کریں۔ وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ماہ رمضان کو مواخات اور غمخواری کا مہینہ بتا کر ہمارے مابین اسلامی اخوت کی روح پید اکرنا چاہتا ہے جس کا ایک نمونہ مدینہ منورہ میں مہاجرین و انصار کے مابین مواخات قائم ہونے کے بعد چشم عالم نے دیکھا تھا۔ روزے کی حالت میں بندے پر بھوک پیاس طاری کر کے اللہ تعالیٰ انسانوں کے دلوں میں غرباء و مساکین کیلئے نرمی و رحم دلی پیدا کرنا چاہتا ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے کہ جب تک مومن اپنے بھائی کی ضرورت پوری کرنے کیلئے کو شاں رہتا ہے اللہ تعالیٰ اسکی حاجت روائی فرماتا ہے۔ برما، عراق، شام میں مجبور اور قدرتی آفات میں گھری امت مسلمہ کی مدد کرنا ہی رمضان المبارک کا سبق ہے۔

تبصرہ