9 طلبہ تنظیموں کا سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف مشترکہ جدوجہد کرنے کا اعلان

اعلان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ایم ایس ایم کے مرکزی صدر عرفان یوسف کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا‎

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں طلبہ تنظیموں کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت ایم ایس ایم کے مرکزی صدر عرفان یوسف نے کی، اجلاس میں اسلامی جمیعت طلباء، ، انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن، پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن، انجمن طلباء اسلام، ق لیگ کے سٹوڈنٹ ونگ ایم ایس ایف، جعفریہ سٹوڈنٹس، المحمدیہ سٹوڈنٹس، امامیہ سٹوڈنٹس اور اسلامی تحریک طلبہ کے رہنماؤں نے شرکت کی اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف احتجاج اور انصاف کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنے پر اتفاق کیا۔ طلبہ رہنماؤں میں تہور عباس، فیصل جاوید، سہیل چیمہ، ثاقب مجید، عبد الرحمان، علی عظمت، رضی طاہر، احسن، عمران و دیگر نے شرکت کی، اس موقع پر ایک قرارداد منظور کی گئی کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کے لواحقین کو انصاف دینے کیلئے غیر جانبدار جے آئی ٹی بنائی جائے، جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ شائع کی جائے، سانحہ ماڈل ٹاؤن میں حصہ لینے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کو گرفتار کیا جائے اور عدالت کے فیصلہ تک وزیر اعلیٰ پنجاب اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیں اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ فوجی عدالت میں چلایا جائے، عرفان یوسف نے طلبہ رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ظلم ہوا اس ظلم کے خلاف آواز اٹھانا ہر شہری کا فریضہ ہے، عرفان یوسف نے طلبہ رہنماؤں کو آج 16جون کوہونیوالے احتجاجی تعزیتی جلسے میں شرکت کی دعوت دی۔ طلبہ رہنماؤں نے شرکت کی بھر پور یقین دہانی کروائی، اجلاس میں متحدہ طلباء محاذ قائم کرنے کا اعلان کیا گیا۔‎

تبصرہ