شہدائے ماڈل ٹاؤن تنزیلہ امجد اور شازیہ مرتضیٰ کی یاد میں تعزیتی
ریفرنس کا انعقاد
تعزیتی ریفرنس سے علامہ رانا ادریس، حافظ غلام فرید، راجہ زاہد، طاہر خان، عائشہ مبشر
و دیگر کا خطاب
10 جون کو شہید خواتین کی یاد میں لبرٹی چوک میں شمعیں روشن کرنے کی تقریب ہوگی
لاہور (9 جون 2015) پاکستان عوامی تحریک لاہور و تحریک منہاج القرآن کی طرف سے واہگہ ٹاؤن میں 17 جون کو ماڈل ٹاؤن میں شہید کی جانے والی تنزیلہ امجد اور شازیہ مرتضیٰ کی یاد میں تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا۔ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ حکمرانوں نے خواتین کے چہروں پر گولیاں برسا کر انہیں شہید کر کے بزدلی کی شرمناک تاریخ رقم کی۔ ماڈل ٹاؤن میں ریاست نے اپنے شہریوں کا خون بہایا جس کی مثال نہیں ملتی۔ مرکزی نائب ناظم اعلیٰ رانا محمد ادریس، نائب صدر پنجاب راجہ زاہد محمود، تحریک منہاج القرآن کے ناظم لاہور حافظ غلام فرید، راجہ محمد عزیز، میاں ممتاز حسین، ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ طاہرہ خان، ناظمہ تربیت عائشہ مبشر، سعدیہ چودھری، عطیہ بنین، عائشہ قادری، ضحیقہ قادری اور آمنہ قادری نے خطاب کیا۔ تعزیتی ریفرنس میں سینکڑوں کارکنان نے شرکت کی، اس موقع پر شہید بہنوں تنزیلہ امجد اور شازیہ مرتضیٰ کیلئے قرآن خوانی بھی کی گئی۔
تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزی کا واقعہ ہے۔ ماڈل ٹاؤن میں ریاست نے اپنے شہریوں پر ظلم کیا اور پھر انصاف کے راستے کی دیوار بن گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال گزر جانے کے بعد بھی ہمیں انصاف نہیں ملا۔ راجہ زاہد محمود نے کہا کہ 100 فیصد انصاف کے حصول تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ 16 جون کو سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔
طاہرہ خان نے شہداء خواتین کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عظیم مقصد کیلئے جانوں کا نذرانہ دیکر سرفخر سے بلند کر دیا۔ عائشہ مبشر نے کہا کہ ظالم ریاستی عہدیداران نے خواتین کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کی مگر آج خواتین پہلے سے زیادہ پرعزم اور پراعتماد ہیں۔ خواتین رہنماؤں نے اعلان کیا کہ کل 10 جون کو شہید تنزیلہ امجد اور شازیہ مرتضیٰ کی یاد میں لبرٹی چوک میں شمعیں روشن کی جائینگی۔
تبصرہ