وطن عزیز سے ظلم، ناانصافی، بے روزگاری اور دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہو گا۔ سعدیہ کیانی

حکومت عوام کو تحفظ دینے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے

پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ اسلام آباد کی صدر سعدیہ کیانی، جنرل سیکرٹری حنا امین نے کہا ہے کہ وطن عزیز سے ظلم، ناانصافی، بے روزگاری اور دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہو گا۔ حکومت عوام کو تحفظ دینے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے، ہر روز بے گناہ انسان مارے جا رہے ہیں، حکمران قیام امن اور دہشت گردی کے خاتمے میں مخلص نہیں ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری کی جدوجہد غریبوں کی قسمت بدلنے کے لئے ہے۔ خواتین کو پاکستان عوامی تحریک کا حصہ بن کر وطن عزیز سے ظلم، ناانصافی، بے روزگاری اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں ڈاکٹر طاہرالقادری کی سالگرہ کے سلسلے میں منعقدہ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سانحہ ماڈل ٹاؤن، آرمی پبلک سکول، سانحہ شکارپور، پولیس لائن لاہور، حیات آباد آباد پشاوراور شکریال اسلام آباد میں خود کش حملوں میں شہید ہونے والوں کی بلندی درجات اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی جلد صحت یابی اور درازی عمر کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ خواتین مختلف جماعتوں سے مایوس ہو کر پاکستان عوامی تحریک کی طرف دیکھ رہی ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری قوم کے لئے امید کی آخری کرن ہیں۔ درد مند اور پسے ہوئے طبقے کے حقوق کیلئے اٹھ کھڑے ہونے کا وقت آن پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کیلئے تحریک کا ہر کارکن اور عہدیدار اپنے اندر جنون پیدا کرے اور ظالم کے گریبان تک جانے والے ہر شخص کا ہاتھ ڈاکٹر طاہرالقادری کا ہاتھ ثابت کر دے۔

تبصرہ