حوا کی بیٹیاں جان لیں موجودہ نظام ان کے بنیادی حقوق اور آرزوؤں کا قاتل ہے: راضیہ نوید

خواتین حکمرانوں کی نااہلیوں کا سب سے زیادہ خمیازہ بھگت رہی ہیں، کیونکہ گھر چلانے کی ذمہ داری ان کی ہے
پاکستانی خواتین اپنی ذمہ داریوں کو پہچانتے ہوئے موجودہ ظالمانہ نظام کے خلاف انفرادی و اجتماعی طور پر اپنا کردار ادا کریں
تھرپارکر اور ملک کے دیگر شہروں میں بھوک کی فصل اگ رہی ہے، ان حالات میں خواتین مستقبل سے ناآشنا منتشر گروہ نہ بنیں‎
یوم تاسیس کی تقریب میں سانحہ ماڈل ٹاؤن، کوٹ رادھا کشن، سانحہ پشاور اور دہشتگردی کے دیگر واقعات کی پرزور مذمت کی گئی
پاکستان عوامی تحریک شعبہ خواتین کے 27ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقاریب سے خطاب‎

لاہور(5 جنوری 2015)پاکستان عوامی تحریک شعبہ خواتین کا 27واں یوم تاسیس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا، تقریب سے شعبہ خواتین کی مرکزی صدر راضیہ نوید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حوا کی بیٹیاں جان لیں موجودہ نظام ان کے بنیادی حقوق اور آرزوؤں کا قاتل ہے، خواتین حکمرانوں کی نااہلیوں کا سب سے زیادہ خمیازہ بھگت رہی ہیں، کیونکہ گھر چلانے کی ذمہ داری ان کی ہے جبکہ اس موقع پر گلشن ارشاد، کلثوم طفیل، ہما وحید، عطیہ بنین سمیت دیگر خواتین بھی موجود تھیں، پاکستان عوامی تحریک شعبہ خواتین کے تحت 300 سے زائد مقامات پر یوم تاسیس کی تقاریب منعقد کی گئیں جن میں جن میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، تقاریب میں یوم تاسیس کے حوالے سے کیک کاٹا گیا اور سانحہ پشاور و سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ لاہور میں ہونیوالی یوم تاسیس کی تقریب میں پنڈال ملی نغموں اور ’’جیوے جیوے طاہرالقادری جیوے‘‘ کے نعروں سے گونجتا رہا۔

راضیہ نوید نے اپنے خطاب میں کہا کہ بے تحاشہ قدرتی وسائل، باصلاحیت افرادی قوت اور کرشماتی نعمتوں کے باوجود ملک بھوکا پیاسا اور اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے، تھرپارکر اور ملک کے دیگر شہروں میں بھوک کی فصل اگ رہی ہے، ان حالات میں خواتین مستقبل سے ناآشنا منتشر گروہ نہ بنیں یہ سارے عذاب جو ہم پر مسلط ہیں پچھلے 67سالوں سے ہمارے نااہل حکمرانوں کے اعمال کا نتیجہ ہیں، تمام مسائل سے بے نیاز سیاستدان طبقہ اپنی عیاشیوں میں مست اقتدار کے مزے لوٹ رہا ہے، دہشتگردی، مہنگائی، بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نے قوم کو ذہنی مریض بنا دیا ہے، پاکستان خواتین کے تحفظ کے حوالے سے خطرناک ترین ملک بنتا جارہا ہے، خواتین کے استحصال کے سب سے زیادہ واقعات موجودہ حکمرانوں کے دور میں ہوئے ہیں اور ان میں سرفہرست صوبہ پنجاب ہے، راضیہ نوید نے کہا کہ 27 سال قبل لاہور سے شروع ہونے والی پاکستان عوامی تحریک شعبہ خواتین تحریک آج خواتین کے حقوق کی سب سے بڑی اور موثر تحریک بن چکی ہے، پاکستان عوامی تحریک شعبہ خواتین ملک میں پرامن انقلاب اور حقیقی تبدیلی کیلئے کوشاں ہے، اس سے پہلے کہ وہ ان کی کوششیں اور کاوشیں ہضم کر جائے ہم سب خواتین نے ملکر اس ملک کو بچانا ہے، ظالم حکمرانوں نے اس قوم کو خودکشیاں، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ، دہشتگردی اور ملک کے وقار کی بربادی کے علاوہ کچھ نہیں دیا، جو قومیں سیاسی استحکام کیلئے اقدامات نہیں کرتیں وہ دنیا میں لیڈنگ رول پلے نہیں کر سکتیں، اس لیے انتہائی ضروری ہے پاکستانی خواتین اپنی ذمہ داریوں کو پہچانتے ہوئے موجودہ ظالمانہ نظام کے خلاف انفرادی و اجتماعی طور پر اپنا کردار ادا کریں، انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک خواتین ونگ ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں ملک پر مسلط چند سیاسی خاندانوں کو اقتدا رکے ایوانوں سے نکالنے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا، یوم تاسیس کی تقریب میں سانحہ ماڈل ٹاؤن، کوٹ رادھا کشن، سانحہ پشاور اور دہشتگردی کے دیگر واقعات کی پرزور مذمت کی گئی، شہدائے پشاور اور شہدائے ماڈل ٹاؤن اور بالخصوص خواتین کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا، ان کے بلند درجات کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں، یوم تاسیس کی تقریب میں پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری کی صحت یابی اور درازی عمر کیلئے بھی دعا کی گئی۔

تبصرہ