11 مئی کو ڈاکٹر طاہرالقادری نے ملک کے غریب عوام کے لئے قابل عمل ایجنڈا پیش کر کے قوم کے دل جیت لیے ہیں
پا کستان عوامی تحریک ویمن ونگ راولپنڈی کی ضلعی صدر تہمینہ قیوم نے کہا ہے کہ پاکستان چند خاندانوں کیلئے نہیں بلکہ ملک میں بسنے والے کروڑوں غریبوں، ہر مذہب اور ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کیلئے بنایا گیا تھا۔ جاگیردار، وڈیرے، سرمایہ دار اور نااہل سیاستدان پچھلے 66 سالوں سے غریبوں کے حقوق سے کھیل رہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کی بیداری شعور مہم اور تبدیلی کی تحریک اب انقلاب کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ 11 مئی کو ڈاکٹر طاہرالقادری نے ملک کے کروڑوں غریبوں کی بات کی اور 10 نکاتی ایجنڈا ملکی مسائل کا حل اور قابل عمل ہے۔ غریبوں کے لئے 10 نکاتی ایجنڈا پیش کر کے ڈاکٹر طاہرالقادری نے پوری قوم کے دل جیت لیے ہیں۔ وہ گزشتہ روز 11 مئی کے حوالے سے پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کے زیراہتمام مختلف مقامات پر منعقدہ کارنر میٹنگز سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر عائشہ ندیم، گل رعنا، رابعہ علی خان، عابدہ حریم اور سامعہ احمد بھی موجود تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کرپٹ نظام اور اس کے حواریوں کو بے نقاب کر چکے ہیں اور ان کی کرپشن کے پردے بھی چاک کر چکے ہیں۔ اب قوم کا یہ فرض ہے کہ تمام کرپٹ سیاسی مداریوں کے چنگل سے نکل کر مصطفوی انقلاب کے مسافر بن جائیں۔ اسی میں ہماری بقاء اور سلامتی کا راز مضمر ہے۔ غریب عوام اور لاکھوں خواتین ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں اکڑی گردنوں سے سریے نکال دیں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کا چوروں، لٹیروں اور وڈیروں سے کوئی مطالبہ نہیں بلکہ انکی طاقت تو بیواؤں، یتیموں کے آنسو اور غریبوں کی سسکیاں ہیں۔ عوام کو امن اور دہشت گردی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہو گا۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا پیغام امن اسلام اور پاکستان کیلئے ہے اس پر عملدرآمد سے ہی ملک میں دائمی امن قائم ہو گا۔ پاکستان عوامی تحریک ایک کروڑ نمازیوں کی جماعت کی تیاری کے آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، ان شا اللہ اس میں بڑا حصہ خواتین کا ہو گا۔ پاکستان کی کروڑوں مظلوم خواتین اپنا حق لے کر دم لیں گی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کا اصل دشمن موجودہ استحصالی اور فرسودہ نظام سیاست و اقتدار ہے، جس کا خاتمہ اب وقت کی ضرورت بن چکا ہے۔ خواتین تحریک پاکستان کے جذبے کے ساتھ نکلیں اور تکمیل پاکستان کے لئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا ساتھ دے کر پاکستان کو بچانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔
تبصرہ