منہاج القرآن ویمن لیگ فیصل آباد کی ضلعی صدر فاطمہ سجاد نے کہا ہے کہ موجودہ نظام انتخاب و سیاست عوام کا اصل دشمن اور ملک کی حقیقی خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ ساری قوم کو مل کر بدترین نظام انتخاب کے اس بت کو پاش پاش کرنا ہو گا۔ ذاتی مفادات کو قومی مفادات کی خاطر قربان کرنا ہو گا۔ مائیں، بہنیں اور بیٹیاں خوشحال پاکستان کی تشکیل کیلئے اپنے کردار کو پہچانیں۔ ریاست بچانے کیلئے ہر بہن اور بیٹی ایک کروڑ نمازیوں کی تیاری کیلئے عوامی رابطہ مہم میں شامل ہو جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین کی تربیتی ورکشاپ سے خطا ب کر تے ہو ئے کیا۔ اس مو قع پر ضلعی ناظمہ قمر النساء خاکی، فر حت دلبر قادری، تسنیم افضال، رمضانہ قادری، روبینہ خاکی اور ندا زماں بھی موجود تھیں۔
فاطمہ سجادنے کہا کہ کوئی پارٹی یا لیڈر نہیں بلکہ استحصالی اور ظالمانہ نظام انتخاب ملک و قوم کا دشمن ہے۔ مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کو بھی اس ظالمانہ نظام کے خلاف کردار ادا کرنا ہو گا۔ تبدیلی کا وقت آ گیا ہے۔ مملکت خداداد کمزور ہو کر ناکامی کی طرف بڑھ رہی ہے اسے بچانے اور پھر سے مستحکم کرنے کیلئے قومی جذبے کے ساتھ خواتین کو بھی اہم ترین کر دار ادا کرنا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک صرف چہرے نہیں بلکہ نظام بدلنا چاہتی ہے۔ کیونکہ ہر مرتبہ پرانے چہروں پر نئے نقاب دیکھ کر عوام امیدیں قائم کر لیتے ہیں مگر تین چار ماہ گزرنے کے ساتھ انکے اندر مایوسی کی لہر پیدا ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ بحرانوں میں گھرے وطن عزیز کو اس وقت مذہبی و سیکولر انتہا پسندی، دہشت گردی، مہنگائی اور لوڈشیڈنگ جیسے عذابوں کا سامنا ہے۔
تبصرہ