تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عشق کا پیغام عام کر رہی ہے۔ خرم نواز گنڈا پور

آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد ہر مسلمان کیلئے مسرت وشادمانی کا عظیم تحفہ لے کر آتا ہے
آج ملت اسلامیہ کو درپیش مسائل کا واحد حل حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق عشق کی بحالی میں ہے
13 جنوری کی رات مینار پاکستان پر ہونیوالی عالمی میلاد کانفرنس میں لاکھوں زندہ دلان لاہور شرکت کریں گے
تحریک منہاج القرآن لاہور کے تحت ریلوے سٹیشن تا بھاٹی چوک جشن میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم موٹر سائیکل ریلی سے مقررین کا خطاب
ریلی میں سینکڑوں موٹر سائیکلیں،گاڑیاں اور پیدل شرکاء نے شرکت کی

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا جشن منانا ایمان کا تقاضا ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے عشق کا اظہار کرنے کے یہ بہترین لمحات ہیں۔ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد ہر مسلمان کیلئے مسرت وشادمانی کا عظیم تحفہ لے کر آتا ہے، ربیع الاول رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے۔ ہر مسلمان کو محافل میلاد میں شرکت کر کے اپنے آقا ومولا حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا والہانہ اظہار کرنا چاہیے۔ وہ تحریک منہاج القرآن لاہور کے تحت ریلوے سٹیشن تا بھاٹی چوک جشن میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور مینار پاکستان میں ہونے والی دنیائے اسلام کی سب سے بڑی عالمی میلاد کانفرنس کے سلسلہ میں نکالی گئی اپنی نوعیت کی منفرد اور تاریخی موٹر سائیکل ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔

ریلی میں سینکڑوں موٹر سائیکلیں، گاڑیاں اور پیدل شرکاء شریک تھے۔ ریلی کے شرکاء نے رنگ برنگے غبارے، تحریک منہاج القرآن کے جھنڈے اور اسم محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم والے کتبے وبینرز اٹھا رکھے تھے۔ شرکائے ریلی کی مثالی عقیدت، عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور جوش دیدنی تھا۔ وہ سیدی مرشدی یا نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یا نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور غلام ہیں غلام ہیں رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے غلام ہیں کے نعرے لگا رہے تھے۔ ریلی ریلوے سٹیشن لاہور سے شروع ہو کر لکشمی چوک، نسبت روڈ، لوہاری سے ہوتے ہوئے بھاٹی چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ عظیم الشان موٹر سائیکل جہاں سے بھی گزری فضا درود وسلام سے معطر ہوتی گئی۔ موٹر سائیکل ریلی کی قیادت تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر محمد ارشاد طاہر اور ناظم لاہور حافظ غلام فرید کر رہے تھے۔ جبکہ ثناء اللہ خان، حفیظ اللہ جاوید، الطاف رندھاوا، علامہ ممتاز صدیقی، غلام ربانی تیمور، رئیس بھٹی، دلاور محمود اور حاجی غلام غوث ودیگر نے بھی ریلی میں شرکت کی۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ لاہور، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ لاہور اور منہاج القرآن علماء کونسل لاہور کے قائدین بھی ریلی میں شریک تھے۔

تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر محمد ارشاد طاہر نے کہا کہ کائنات کا وجود آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کا مرہون منت ہے۔ تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عشق کا پیغام عام کر رہی ہے آج امت مسلمہ اپنی زندگی میں شامل ہر خرابی کو ختم کرنا چاہتی ہے تو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی غلامی کا پٹہ اپنے گلے میں ڈال لے۔ کارکن دن کا چین اور رات کی نیند حرام کر لیں اور صرف لاہور سے لاکھوں مرد وخواتین 13 جنوری کی رات مینار پاکستان پر ہونیوالی عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کو یقینی بنائیں۔

موٹر سائیکل ریلی کے راستے میں جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ لگائے گئے تھے جہاں موجود افراد ریلی کا استقبال کرتے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے اور بلند آواز میں سرکار کی آمد مرحبا، حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آپ آئے تو دل جگمگائے کے نعرے لگاتے۔ موٹر سائیکل ریلی میں ہزاروں عشاقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شریک ہو کر آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی والہانہ محبت وعقیدت کا اظہار کیا۔ موٹر سائیکل ریلی کے راستے میں دونوں اطراف کو میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے خوبصورت ہورڈنگز اور بینرز سے سجایا گیا تھا۔

ریلی میں شریک ہزاروں افراد سے خطاب کرتے ہوئے ناظم لاہور حافظ غلام فرید نے کہا کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کے باعث انسانیت کو جینے کا سلیقہ نصیب ہوا۔ کائنات کے وجود کی رونق آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کے باعث ہے۔ آج امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا واحد حل حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق عشق کی بحالی میں ہے اور اس تعلق کو بحال اور مضبوط کرنے کیلئے ماہ میلاد سے بڑھ کر کوئی مہینہ نہیں ہو سکتا۔ گلی گلی، قریہ قریہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا اظہار ہونا چاہیے۔ گھروں میں چراغاں کریں اور محافل میلاد کا اہتمام کریں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو جہالت کے اندھیروں سے نکال کر شعور و آگہی کا نور دینے والے مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا مہینہ آ گیا ہے۔ اس ماہ کو دیوانہ وار خوشی کا اظہار کرکے اللہ کی عظیم نعمت پر شکر کریں۔ ریلی کے اختتام پرتحریک منہاج القرآن لاہور کے ناظم دعوت علامہ غلام ربانی تیمور نے ملکی سلامتی اور قیام امن کیلئے خصوصی دعا کی۔

تبصرہ