کوہاٹ: منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام سالانہ محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد

بیگم معین صدر ویمن لیگ پشاور ڈویژن نے صدارت وخصوصی خطاب کیا

منہاج القرآن ویمن لیگ کوہاٹ کے زیراہتمام حسب سابق عظیم الشان سالانہ محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا۔ اقراء بپلک سکول وکالج میں منعقد ہونے والی محفل میلاد کی صدارت محترمہ بیگم معین، صدر منہاج القرآن ویمن لیگ پشاور ڈویژن نے کی۔ محترمہ بیگم حفیظ بنگش نے صحیفہ انقلاب کی آیات بینات سے محفل پاک کا آغاز کیا اور بارگاہ صمدیت میں نذرانہ حمد پیش کیا۔ پشاور سے تشریف لائی ہوئی منہاج القرآن ویمن لیگ کی خواتین نے بارگاہ سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محترمہ بیگم معین نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہ مبارکہ کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے عالمی میلاد کانفرنس کے انعقاد میں منہاج القرآن کے جملہ فورمز اور بالخصوص شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے منفرد کردار کا اجاگر کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امسال منہاج القرآن کے زیراہتمام عالمی میلاد کانفرنس بھارت کے شہر بنگلور میں منعقد ہو گی جس میں ایک کروڑ مسلمانوں کا بحر بیکراں شریک ہو گا، جبکہ یہ میلاد کانفرنس پاکستان میں مینار پاکستان کے سبزہ زار کے علاوہ تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر براہ راست دکھائی جائے گی۔ ویڈیو لنک کے ذریعے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا خطاب منہاج ٹی وی اور اے آر وائی کیو ٹی وی کے ذریعے دنیا کے 100 سے زائد ممالک میں بھی براہ راست دکھایا جائے گا۔

محترمہ بیگم معین نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے کثیر تعداد میں آنے والی خواتین کو میلاد کانفرنس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا خطاب براہ راست سننے کی دعوت دی۔ بیگم حفیظ نے اقرا بپلک سکول وکالج کے پرنسپل اور دیگر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ اختتامی دعا کے بعد تبرک تقسیم کیا گیا۔

تبصرہ