عوام نے ڈاکٹر طاہر القادری کے ایجنڈے کی تائید کر کے نئے پاکستان
کی تشکیل کی بنیاد رکھ دی ہے
پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد ملک میں حقیقی تبدیلی کی بنیاد ثابت ہو گی
حافظ غلام فرید کی لاہور کے ٹاؤنز کے صدور اور ناظمین سے مرکزی سیکرٹریٹ میں گفتگو
تحریک منہاج القرآن لاہور کے ناظم حافظ غلام فرید نے کہا ہے کہ موجودہ استحصالی اور کرپٹ نظام انتخاب کے دن گنے جا چکے ہیں کیونکہ عوام اسکی اصلیت سے آگاہ ہو چکے ہیں۔ اسکے تابوت میں آخری کیل ایک کروڑ نمازیوں کی جماعت انقلاب کے بعد ٹھونکی جائے گی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے 29 دسمبر لاہور کے مال روڈ پر جس ایجنڈے کا اعلان کیا اس سے غریب کا مقدر چمک جائے گا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے اپنی ریسرچ کے عدسے سے موجودہ انتخابی نظام کی تمام تر خرابیوں کو عوام کے سامنے آشکار کر دیا ہے اس لئے اب اس نظام کا بیڑہ غرق ہونے کو ہے۔ 29 دسمبر کو عوام نے لاکھوں کی تعداد میں احتجاجی ریلی میں شرکت کر کے حقیقی تبدیلی کا فیصلہ سنا دیا ہے۔ عوام کے سمندر نے مال روڈ پہنچ کر ڈاکٹر طاہر القادری کے ایجنڈے کی تائید کر کے نئے پاکستان کی تشکیل کی بنیاد رکھ دی ہے۔
وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں لاہور بھر سے آئے تحریک منہاج القرآن کے ٹاؤنز کے صدور اور ناظمین سے گفتگو کر رہے تھے۔حافظ غلام فرید نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی احتجاجی ریلی میں مردوں کے ساتھ لاکھوں کی تعداد میں خواتین نے بھی شرکت کی اور ملک کی حالت زار کو بدلنے کا عہد کیا۔ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد ملک میں حقیقی تبدیلی کی بنیاد ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے بغیر 11 مئی کے الیکشن قوم کی پشت میں چھرا مارنے کے مترادف تھے۔ عوام شعور کی بیداری سے چند خاندانوں کے پارلیمنٹ تک پہنچنے کے تمام امکانات ختم کر کے اپنے حقیقی نمائندوں کے اسمبلی میں پہنچنے کی راہ ہموار کریں۔ اس کیلئے قوم کو ڈاکٹر طاہر القادری کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے ایک کروڑ نمازیوں کی صفوں میں شامل ہونا ہو گا۔
تبصرہ