قومی غیرت اور حب الوطنی متقاضی ہے کہ اہل لاہور 29 دسمبر کو آنے والے انقلاب کا نظارہ دکھا دیں
ریلی میں اہل لاہور لاکھوں کی تعداد میں شریک ہو کر اشرافیہ کو پیغام دے دیں کہ اب لوٹ مار کا کھیل زیادہ دیر نہیں چلنے دیا جائے گا
عوام کو مصلوب کرنے والوں کے تخت کا تختہ کرنے کے لیے عوام کو گھروں سے نکلنا ہو گا
قومی اداروں کی لوٹ سیل لگانے والے ملک وقوم کے نہیں ذاتی مفادات کے وفادار ہیں
حکومت کی اب تک کی کار کردگی عوام دشمنی سے عبارت ہے
ڈاکٹر حسین محی الدین کی احتجاجی ریلی کے لیے بنائی گئی مرکزی کمیٹی کے اجلاس سے گفتگو
پاکستان عوامی تحریک کی فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ کرپشن کی دیمک نے ملکی اداروں کو کھوکھلا کر دیا ہے اور مہنگائی کا عفریت عوام کو نگلے جا رہا ہے۔ غریب سے لقمے چھیننے والی پالیسیوں کا تسلسل قوم سے جینے کا حق بھی چھین رہا ہے۔ جمہوریت کے نام پر مجبوریت کا نظام مسلط کرکے مقتدر طبقات نے عوام کو اپنا غلام سمجھ لیا ہے۔ غلامی کی زنجیروں کو توڑنے اور قومی شعور کی بیداری کے لیے پاکستان عوامی تحریک کی 29 دسمبر کی ریلی ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔ 29 دسمبر کو لاہور کے غیور عوام ثابت کردیں گے کہ اب چند خاندانوں کی نہیں بلکہ عوام کی حکومت قائم ہونے کا وقت آگیا ہے۔ عوام کو مصلوب کرنے والوں کے تخت کا تختہ کرنے کے لیے عوام کو گھروں سے نکلنا ہو گا۔ انقلاب کی امید لگانے والوں کو سمجھ لینا چاہیے کہ گھر بیٹھنے سے کچھ نہیں ہو گا۔ قومی غیرت اور حب الوطنی متقاضی ہے کہ اہل لاہور 29 دسمبر کو آنے والے انقلاب کا نظارہ دکھا دیں۔ پاکستان عوامی تحریک اگلی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ اور تابناک بنانے کا عہدکرچکی۔ عوام ڈاکٹر طاہرالقادری کا دست وبازو بن جائیں انقلاب اس دھرتی کا مقدر بن جائے گا۔ وہ گزشتہ روز احتجاجی ریلی کے لیے بنائی گئی مرکزی کمیٹی کے اجلاس سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر صدر پاکستان عوامی تحریک شیخ زاہد فیاض، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، صدر نیشنل ایگزیکٹو کونسل برطانیہ محمد افضل سعیدی، بشارت عزیز جسپال، جواد حامد، قاضی فیض الاسلام، پارٹی کے دیگر عہدیداران اور انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر حسین محی الدین القادری نے کہا کہ حکومت کی اب تک کی کار کردگی عوام دشمنی سے عبارت ہے۔ قومی اداروں کی لوٹ سیل لگانے والے ملک وقوم کے نہیں ذاتی مفادات کے وفادار ہیں۔ وژن اور عزم سے محروم مقتدر طبقے کو زیادہ دیر تک اقتدار کے ایوانوں میں رہنے دیا گیا تو ملکی استحکام شدید ترین خطرے سے دوچار ہوجائے گا۔ ملکی معیشت کے درخت کو کرپشن، اقربا پروری اور پارٹی مفادات کے کلہاڑے سے کاٹنے کاعمل اگر نہ روکا گیا تو ملک کا وجود خطرے میں پڑ جائے گا۔ 29 دسمبر کی ریلی میں اہل لاہور لاکھوں کی تعداد میں شریک ہوکر اشرافیہ کو پیغام دے دیں کہ اب لوٹ مار کا کھیل زیادہ دیر نہیں چلنے دیا جائے گا۔ پاکستان عوامی تحریک عوام کے حقوق کو تحفظ دینے اور آئین کو اس کی اصل روح کے ساتھ بحال کرنے کے لیے میدان عمل میں اتر آئی ہے اب عوام کے حقوق پر شب خون مارنے کاعمل زیادہ دیر تک جاری نہ رہ سکے گا۔
تبصرہ