غریب عوام 29 دسمبر کو اکڑی گردنوں سے سریے نکال دیں گے: خرم نواز گنڈا پور

ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں 18 کروڑ عوام اپنا حق لے کر دم لیں گے

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ پاکستان چند خاندانوں کے لیے نہیں بلک غریب مسلمانوں کے لیے بنایا گیا ہے۔ جاگیر دار، وڈیرے اور سرمایہ دار اکڑی گردنوں کے ساتھ 66 سال سے غریبوں کے حقوق سے کھیل رہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کی تبدیلی کی تحریک اب انقلاب کی آواز بن چکی ہے۔ اس ملک کے غریب عوام 29دسمبر کو اکڑی گردنوں سے سریے نکال دیں گے۔ قوم پاکستان بچانے کے لیے وہی کردار ادا کرے جو تحریک پاکستان کے وقت قائد اعظم کی قیادت میں کیا تھا۔ آج سب کو مل کر پاکستان بچانا ہے۔ حکومت کے 6ماہ میں ہوشرباء مہنگائی، دہشت گردی اور عدم تحفظ کے شدید احساس نے یہ حال کردیا ہے کہ اگلے پانچ سال میں پاکستان میں اتنی سکت نہ ہوگی کہ وہ کرپٹ عناصر کا جھٹکا برداشت کرسکے۔ وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں 29 دسمبر کی احتجاجی مظاہرے کے حوالے سے تشکیل دی گئیں انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو کررہے تھے۔ جبکہ اس موقع پر بشارت عزیز جسپال، جواد حامد، ساجد بھٹی، احمد نواز انجم، رفیق نجم اور ارشاد طاہر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ 29 دسمبر کو مہنگائی اور کرپشن کے خلاف لاہور سے عوام کا سمندر امن اور جمہوری روایات کے مطابق نکلے گا اور یہ احتجاجی مظاہرہ حقیقی تبدیلی کا نقطہ آغاز ہوگا۔ احتجاجی ریلی میں ڈاکٹر طاہرالقادری شریک نہیں ہوں گے بلکہ فائنل رائونڈ کے لیے پاکستان آئیں گے اور منزل مراد پائے بغیر واپس نہیں لوٹیں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں 18 کروڑ عوام اپنا حق لے کر دم لیں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی طاقت بیوائوں، یتیموں کے آنسواور غریبوں کی سسکیاں ہیں۔ پاکستان اولیاء کرام کے قدموں کے طفیل ملا اسے اولیاء کرام کی اولادیں ہی بچائیں گی۔ آج پاکستان بچانے کا وقت ہے۔ 29 دسمبر کو پاکستان عوامی تحریک کی احتجاجی ریلی نے مفاد پرست طبقے، موجودہ فرسودہ کرپٹ نظام انتخاب کے حامیوں کی رات کی نیندیں حرام کردی ہیں اور ان کے اوسان خطا ہوگئے ہیں۔ 29 دسمبر کے مظاہرے میں قومی پرچم کے سائے تلے لاکھوں محب وطن ایک قوم ہونے کا عملی ثبوت دینے کے لیے عوام سے خواص تک ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے سیاسی ورکر، مزدور، کسان، تاجر، طلباء، اساتذہ، صنعتکار، ڈاکٹر، انجینئر، علما و مشائخ لاکھوں کی تعداد میں مظاہرے میں شریک ہونگے۔

تبصرہ