انقلاب ہی ملک و قوم کو غیرت مند اور خوشحال مستقبل دے سکتا ہے، ڈاکٹر حسین محی الدین القادری

طلباء ملک کا کونا کونا ڈاکٹر طاہر القادری کے پیغام سے معمور کر دیں
پاکستان عوامی تحریک مرحلہ انقلاب میں داخل ہو چکی ہے، کامیابی مقدر ہو گی۔ ڈاکٹر حسین محی الدین القادری

تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین القادری نے کہا ہے کہ سوھنی دھرتی نوجوانوں کو پکار رہی ہے کہ وہ کرپٹ مافیا اور ڈرگ مافیا کے خلاف میدان عمل میں نکل آئیں۔ ملک کا کونا کونا ڈاکٹر طاہر القادری کے پیغام سے معمور کر دیں تا کہ انقلاب کا سورج طلوع ہو جائے۔ صرف اور صرف انقلاب ہی ملک و قوم کو غیرت مند اور خوشحال مستقبل دے سکتا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک مرحلہ انقلاب میں داخل ہو چکی ہے اورکامیابی مقدر ہو گی۔ ملک کے موجودہ حالات متقاضی ہیں کہ طلباء تحریک پاکستان کا جذبہ بیدار کر کے ملک میں انقلاب بپا کرنے کیلئے اپنی توانائیاں صرف کریں۔ وطن عزیز کی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں، دہشت گردی اور انتہا پسندی نے عوام کا جینا عذاب کر رکھا ہے، غریب مہنگائی کے ہاتھوں جاں بلب ہے، تعلیمی اداروں میں ساز گار ماحول نہیں ہے، اساتذہ کے ساتھ ناروا سلوک روز کا معمول بن گیا ہے، بے روزگاری اور خود کشیوں کا الاؤ جل رہا ہے۔ موجودہ کرپٹ نظام انتخاب کے تحت تشکیل پانے والی پارلیمنٹ عوام کے حقوق کا قتل عام کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیر اہتمام ماڈل ٹاؤن میں ہونے والی تربیتی ورکشاپ میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جبکہ اس موقع پر نیشنل ایگزیکٹو کونسل برطانیہ کے صدر محمد افضل سعیدی، عامر یوسف عبد العمار، رضوان بشیر، عماد شیخ اور دیگر بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین القادری نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی جماعت انقلاب کا نمازی بننا ہی ملک کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتا ہے۔ طلباء کی قومی ذمہ داری ہے کہ وہ علم کے حصول کو پہلی ترجیح رکھتے ہوئے ملک میں انقلاب بپا کرنے کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کریں۔ دن کا چین اور رات کی نیند حرام کر دیں۔ پر امن جدوجہد مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا زیور ہے۔ جماعت انقلاب کی اگلی صفوں میں طلباء اور نوجوانوں نے کھڑا ہونا ہے اور ظلم و جبر کے نظام کو اسکے محافظوں سمیت سمندر میں پھینکنا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے جس عزم اور جرآت سے لٹیروں کو للکارا ہے، اس کے بعد دنیا کی کوئی طاقت انقلاب کو نہیں روک سکتی۔ طلباء اور نوجوان جماعت انقلاب کیلئے نمازی اکٹھے کرنے کیلئے نکل پڑیں۔

تبصرہ