حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کی شخصیت پوری انسانیت کیلئے انسانی کردار کی عظمت کا مینارہ نور ہے۔ نصرت امین

آج حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کے اسوہ پر چلنے والی بہنوں اور بیٹیوں کی ضرورت ہے
منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام سیدہ کائنات کانفرنس

منہاج القرآن ویمن لیگ اسلام آباد کی ناظم نصرت امین نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کی خواتین کو بطولیت کی صفات میں ڈھل کر ان کے کردار کا مظہر بننا ہو گا تبھی زوال عروج میں بدل سکے گا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ویمن لیگ کی بنیاد رکھ کر امت مسلمہ کی خواتین کو یہ پیغام دیا تھا کہ سیدہ کائنات فاطمۃ الزہراء کی شخصیت کو آئیڈیل بنائے بغیر آئندہ نسلوں کے مستقبل کو تابناک بنانا ممکن نہ ہو سکے گا اسلیے کہ حضرت فاطمہ کے اسوہ کی خیرات کے بغیر ہم کبھی کامیاب نہ ہو سکیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منہاج مدینہ ہال کراچی کمپنی میں سالانہ سیدہ کائنات کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کی شخصیت پوری انسانیت کیلئے انسانی کردار کی عظمت کا مینارہ نور ہے۔ مسلم خواتین کو صبر و استقامت اور شرم و حیاء کا پیکر بننا ہے۔ جدید اور قدیم علوم کے حصول کو پہلی ترجیح بنانا ہے۔ تعلیمات زہراء پر عمل کرنا ہی آ ج کی عورت کیلئے راہ نجات ہے۔

ساجدہ صادق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افسوس آج ہمارے بداعمال موجودہ حکمرانوں کی شکل میں ہم پر مسلط ہیں۔ اگر اہم اپنے اعمال کا ٹیٹرھ درست کر لیں تو ہمارے حالات بدل سکتے ہیں۔ سیدہ کائنات کی تعلیمات کو اگلی نسلوں میں منتقل کرنے کیلئے ماؤں کو اولاد کی تربیت کیلئے رہنماء اصول بتول زھرہ کے قدموں کے نشانات سے تلاش کرنا ہوں گے۔

ساجدہ صادق نے کہا کہ سیدہ کائنات نے امام حسین اور امام حسن اور سیدہ زینب کی ایسی تربیت فرمائی کہ انہوں نے پوری انسانیت کو بچا لیا۔ آج حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کے اسوہ پر چلنے والی بہنوں اور بیٹیوں کی ضرورت ہے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہر موقع پر سیدہ کائنات کو اپنے ساتھ رکھتے۔ تربیت کا یہ اصول آج ہمیں اپنی زندگیوں میں نافذ کرنا ہو گا۔ اگلی نسلوں کو مقام زھرہ کے آداب سکھانا پوری امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے۔ ایسی کانفرنسز کا انعقاد اگلی نسلوں تک اہل بیت اطہار کے عظیم کردار کو پہچاننے کیلئے ضروری ہیں اس کیلئے منہاج القرآن ویمن لیگ مبارکباد کی مستحق ہے۔

کانفرنس سے گلشن ارشاد اور فریدہ سجادنے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ