موجودہ دور زوال میں شیطان اور نفس کے ہتھکنڈوں سے بچنے کیلئے نیک
لوگوں کی صحبت اختیار کی جائے۔
انبیاء کرام، صحابہ، صلحاء اُمت اور اولیاء اللہ کا راستہ اختیار کرنے میں ہی کامیابی
کی ضمانت ہے: راضیہ نوید
اسلام آباد: منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام درس عرفان القرآن سے خطاب کرتے ہوئے منہاج ویمن لیگ اسلام آبادکی صدر راضیہ نویدنے کہا کہ آج انسانیت دنیاوی واخروی کامیابی کے حصول کے لیے سرگرداں ہے جبکہ قرآن حکیم نے کئی صدیاں پہلے اس عقدہ کو حل کر دیا ہے اور اللہ نے اپنی کتاب قرآن مجید میں متلاشیان صراط مستقیم کی راہنمائی کے لیے فرمایا کہ سیدھا راستہ ان لوگوں کا راستہ ہے جن پر اللہ نے انعام فرمایا اور جو غضب الہٰی کا شکار ہوئے اور راہ راست سے بھٹک گئے ان کا راستہ صراط مستقیم نہیں۔
انہوں نے کہا کہ انبیاء کرام، صحابہ، صلحاء اُمت اور اولیاء اللہ کا راستہ اختیار کرنے میں ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔ جن لوگوں نے اپنی زندگی اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق بسر کی ان لوگوں کے نقش قدم پر چلنے میں ہی یقینا فلاح دارین ہے۔
اچھی اور نیک سنگت دنیا وآخرت کی کامیابی کی ضامن ہے۔ اہل حق سے نسبت محبت والفت اور ان کی صحبت کا حصول یقینا اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے۔ فرح ناز نے کہا کہ کسی بھی انسان کے لئے بظاہر اپنے ہی جیسے انسان کے عمل کے مطابق اپنی زندگی کو بسر کرنا آسان ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ امت کے لیے انبیاء اور صلحاء کی پیروی کرنے میں کامیابی کی ضمانت رکھی گئی۔
انہوں نے کہا کہ نیک سنگت اس دنیا کی فلاح کے ساتھ ساتھ آخرت میں بھی کام آئے گی اورصالحین کی سفارش اور شفاعت کے ذریعے گنہگاروں کو بخشش اور دوزخ سے چھٹکارا نصیب ہو گا۔
انہوں نے اس ضرورت پر زور دیا کہ موجود ہ دورزوال میں شیطان اور نفس کے ہتھکنڈوں سے بچنے کے لیے نیک لوگوں کی صحبت اختیار کی جائے اور بری صحبت سے اجتناب کیا جائے۔
تبصرہ