مسئلہ کشمیر پر عالمی سطح پر پائی جانیوالی سرد مہری دنیا کیلئے سوالیہ نشان ہے۔
کشمیر کا مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل
ہونا چاہیے: رحیق احمد عباسی
لاہور: پاکستانی عوامی تحریک کے صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے اس حوالے سے عالمی سطح پر پائی جانیوالی سرد مہری دنیا کیلئے سوالیہ نشان ہے۔ کشمیر کا مسئلہ ڈائیلاگ کے ذریعے حل ہونا چاہیے اور اس حوالے سے UN کی قراردادوں پر عمل درآمد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ کشمیریوں کا حق خود ارادیت عالمی طور پر مسلمہ ہے۔ بھارت ہٹ دھرمی ترک کر کے مکالمہ کا دروازہ کھولے اور پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی ٹیبل پر آ کر مسئلہ کو حل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ طاقت کے ذریعے مسئلہ نہ پہلے حل ہوا اور نہ آئیندہ ہو گا۔ پاکستان اور بھارت کھلے دل سے مسئلے کو حل کرنے کی نیت سے مذاکرات کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ اس قضیے کا حل نہ نکل سکے۔ دونوں ملک اچھے ہمسایوں کی طرح رہنے کا عزم کر لیں تو مسئلہ کشمیر تھوڑے عرصے میں حل ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے کے امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ہونا بہت ضروری ہے اس سے دونوں ملکوں کے عوام خوشحال ہو ں گے اور کشمیریوں کو بھی ان کا حق مل جائے گا۔
تبصرہ