آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ناموس پر حملہ کرنے والے عالمی
مجرم ہیں
عالمی امن سے کھیلنے والے ملعونوں سے عالمی قوانین کے مطابق نبٹا جائے۔ فرح ناز
توہین آمیز فلم کے خلاف منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام ٹاؤن شپ میںہزاروں خواتین نے اپنے آقا و مولا حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اظہار محبت کیلئے ریلی نکالی۔ ریلی میں شریک خواتین نے توہین آمیز فلم کے خلاف کتبے اٹھا رکھے تھے جس میں عالمی اداروں، UN اور موثر ممالک سے اس مذموم عمل کو مستقل ختم کرنے کیلئے پہلے سے موجود قوانین پر عمل درآمد اور UN کی قراردادوں میں ترامیم کے مطالبے درج تھے۔ ریلی کی قیادت منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ نوشابہ ضیاء اور مرکزی رہنماء فرح ناز نے کی۔ ریلی میں شریک ہزاروں خواتین نے محسن انسانیت حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام پڑھ کر پوری دنیا کو ان سے وفاداری کا بھرپور پیغام دیا۔
منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی رہنما فرح ناز نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسی مذموم فلم عالمی امن کیلئے بدترین خطرہ ہے، آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ناموس پر حملہ کرنے والے عالمی مجرم ہیں ان کو عالمی سطح پر دہشت گردی کو فروغ دینے کے جرم میں فوری گرفتار کر کے مقدمہ چلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ یوٹیوب، اور دیگر ویب سائٹس کیلئے اخلاقی، قانونی ضابطہ اخلاق بنا کر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ فلم بنانے والے مصری مسیحیوں کو فوری ڈی پورٹ کرے کیونکہ یہ امریکہ کی نیشنل سیکیورٹی اور انٹرنیشنل سیکیورٹی کا مسئلہ ہے۔ عالمی امن سے کھیلنے والے ملعونوں سے عالمی قوانین کے مطابق نبٹا جائے۔
ریلی میں شریک خواتین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر شان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے اشعار درج تھے۔ ریلی کا اختتام ہمدرد چوک میں ہوا۔
تبصرہ