منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام مورخہ 11 جولائی 2012 کو عرفان القرآن کورس کا انعقاد کیا گیا۔ جس کا مقصد خواتین کی اخلاقی و روحانی تربیت رجوع الی القرآن، فیلڈ میں معلمات کی تیاری اور حلقات عرفان القرآن کے فروغ کے لئے تیار کرنا تھا۔ اس کورس میں پاکستان بھر سے تقریباً 80 طالبات نے شرکت کی۔ کورس کا انعقاد مرکزی منہاج القرآن ویمن لیگ اور بالخصوص مرکزی ناظمہ دعوت محترمہ سدرہ کرامت اور نائب ناظمہ دعوت محترمہ نائلہ جعفر کی قیادت میں ہوا۔
کورس میں منہاج القرآن ویمن لیگ سے مرکزی ناظمہ محترمہ نوشابہ ضیاء، محترمہ سدرہ کرامت، محترمہ نائلہ جعفر اور محترمہ گلشن ارشاد کے علاوہ مرکز سے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، علامہ محمد شریف کمالوی، علامہ سید فرحت حسین شاہ، علامہ رانا محمد ادریس، ریسرچ سکالر محمد فاروق رانا، بشیر خان لودھی اور پروفیسر ممتاز الحسن نے تدریس کے فرائض سرانجام دیئے۔ کورس کے مضامین میں تجوید اور فن خطابت کے لئے علامہ حافظ محمد شریف کمالوی اور علامہ غلام تیمور ربانی نے اپنی خدمات سرانجام دیں۔
عرفان القرآن کورس میں ترجمہ و تفسیر (سورۃ البقرہ)، ایصال ثواب، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا تعارف، تصور شرک و بدعت، تحریک منہاج القرآن کا تعارف، عقیدہ توسل، تحریک منہاج القرآن کی موجودہ حکمت عملی اور بیداری شعور مہم، طہارت کے مسائل، موجودہ دور میں تحریک منہاج القرآن کی ضرورت، وضو اور غسل کے تمام مسائل، ویمن لیگ کا تعارف، روزے کے مسائل، رجوع الی العلم کی ضروت و اہمیت اور آئیں دین سیکھیں کورس ان تمام عنوانات پر طالبات کو تفصیلی لیکچرز دیے گئے۔
محترمہ سدرہ کرامت نے طالبات کو عرفان القرآن کورسز کے انعقاد کا مکمل طریقہ کار سلیس پیرائے میں سمجھایا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہیں آئیں دین سیکھیں کورسز، حلقات درود و فکر کی اہمیت اور ان کے انعقاد پر تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے مختلف تربیتی اور نظریاتی خطابات بھی طالبات کے گوش گزار کیے گئے۔ اس کے علاوہ انہیں تحریک منہاج القرآن کی ملکی و بین الاقوامی سرگرمیوں کے بارے میں بتایا گیا جس پر طالبات نے انتہائی خوشی کا اظہار کیا۔
سات روزہ عرفان القرآن کورس میں طالبات کی روحانی و اخلاقی تربیتی امور کے ساتھ مخصوص نظام الاوقات پر عمل پیرا ہو کر کام کرنے کی ٹریننگ بھی دی گئی جس میں پنجگانہ نماز، نماز تہجد، ذکر و اذکار، محافل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور شب بیداری شامل ہیں۔ اس کے علاوہ طالبات نے بڑے شوق سے حلقات درود کی شکل میں کثیر تعداد میں درود پاک بھی پڑھا۔
عرفان القرآن کورس اور فن خطابت کے سلیبس کی تکمیل پر شرکاء کورس سے تحریری اور شفوی امتحان لیا گیا۔ کورس کی اختتامی تقریب میں سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے خصوصی شرکت کی ان کے علاوہ علامہ محمد منہاج الدین اور دیگر مہمانان گرامی بھی شریک ہوئے۔ شیخ زاہد فیاض نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے کام کو سراہتے ہوئے طالبات کو خراج تحسین پیش کیا۔ بعد ازاں طالبات میں اسناد بھی تقسیم کیں۔ کورس کے اختتام پر ارض پاکستان میں امن وآشتی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت وسلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
تبصرہ