اسرائیل دنیا کا بد ترین دہشت گرد ہے: شیخ زاہد فیاض

56 اسلامی ممالک یکجہتی کے ساتھ ہی باوقار بن سکتے ہیں: احمد نوا زانجم

بڑی طاقتوں کے ہاتھوں کٹھ پتلی بننے والے ادارے نام کی حد تک زندہ ہیں: ساجد محمود بھٹی

لبنانی اور فلسطینی مسلمانوں پر حالیہ اسرائیلی حملہ مشرق وسطیٰ میں ہونے والی بدترین جارحیت ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ معصوم اور بے قصور مسلمانوں کے خلاف جنگ چھیڑنے والا اسرائیل دنیا کا بدترین دہشت گرد ہے۔ اسے لگام دینے کیلئے امت مسلمہ کے حکمرانوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ مؤثر اقدام وہی ہوگا جو اجتماعیت کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے چکوال میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل تمام تر بین الاقوامی قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے لبنان کی اینٹ سے اینٹ بجا رہا ہے۔ UN سمیت انسانی حقوق کے دیگر ادارے اور بڑی طاقتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ اسرائیل کی بربریت کی سب سے بڑی وجہ مسلم ممالک میں یکجہتی کا فقدان ہے۔ ذاتی مفادات اور مصلحت کا طوق گلے میں ڈال کر اغیار سے رحم کی بھیک مانگنے والوں کو عزت کی زندگی میسر نہیں آسکتی، مسلم حکمرانوں کو مشرق وسطیٰ کی اس سنگین صورتحال نے بھی نہ جگایا تو تباہی و بربادی کے عمیق گڑھے مستقبل میں مسلمانوں کا مقدر ٹھہریں گے۔ تحریک منہاج القرآن پنجاب کے امیر احمد نواز انجم نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کا امن صرف اور صرف مضبوط مسلم بلاک کے قیام سے ممکن ہے۔ 56 اسلامی ممالک کا وجود یکجہتی کے ساتھ ہی دنیا میں باوقار بن سکتا ہے اسکے علاوہ اس گرداب سے نکلنے کا کوئی راستہ نہیں۔ انہوں نے کہا UN، او آئی سی اور انسانی حقوق کے دیگر اداروں کی بے بسی نہایت افسوسناک ہے۔ یوتھ لیگ کے ناظم ساجد محمود بھٹی نے کہا یہ ادارے اس طرح کی نازک صورتحال میں کوئی کردار ادا کرنے کے قابل نہیں رہے تو ان کا وجود بھی جلد ختم ہو سکتا ہے۔ بڑی طاقتوں کے ہاتھوں کٹھ پتلی کا کردار ادا کرنے والے ادارے نام کی حد تک زندہ ہیں جو انتہائی شرمناک ہے۔ اس موقع پر دیگر ضلعی و تحصیلی قائدین نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ