دل جسم میں تخت کی مانند ہے جس پر نفس اور روح قبضہ کرنا چاہتے
ہیں
شہر اعتکاف میں آنیوالے تقوی، پرہیز گاری کو شعار بنائیں اور انفرادی اور اجتماعی معمولات
پر کاربند رہیں
شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کا لندن سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ہزاروں معتکفین
سے خطاب
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ اعتکاف شرعی احکام کی پابندی کی عادت کو پختہ کرنے اور باطنی طہارت اور تذکیہ نفس کا موقع فراہم کرتا ہے۔ خلوت میں گزارے دن مسلمان کے دل میں وہ روشنی پیدا کرتے ہیں کہ دنیا کی جلوت میں بھی اللہ کو یاد کر نے کی تمنا قائم رہتی ہے۔ مسلمان کا دل جسم میں تخت کی مانند ہے جس پر نفس اور روح قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ مادیت اور نفسانی خواہشات کے غلبہ کے باعث غالب اکثریت کے دل پر نفس امارہ کا قبضہ رہتا ہے جس کے باعث جسم سے نیکی کی بجائے دنیاوی لذات اور آسائشوں کے حصول کیلئے اعمال سر زد ہوتے ہیں۔ رمضان کا آخری عشرہ دل کے تخت سے نفس کا قبضہ چھڑا کر اسے روح کے سپرد کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ وہ شہر اعتکاف میں ہزاروں معتکفین سے لندن سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ تزکیہ نفس اور صفائے باطن کیلئے دنیا سے تعلق توڑ کر خالص اللہ کیلئے دس دن کا اعتکاف پژ مردہ روح کو طاقت ور کر دیتا ہے اور سال کے بقیہ دنوں میں بھی کچھ حصہ اللہ کو منانے کی جدوجہد میں گزارتے رہنے سے روح اس قابل ہو جاتی ہے کہ دل کے تخت پر حکمران ہو جائے۔ بندہ مومن کی روح جب اس کے دل پر حکمران ہو جاتی ہے تو اس جسم سے غیر ارادی طور پر بھی نیکی کے اعمال ہونے لگتے ہیںاور وہ بندہ خاندان اور معاشرے کیلئے خیر اور فلاح کا باعث بن جاتا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ مسلمان سے مومن بننے کی جد وجہد شروع کرنے کیلئے اعتکاف سے بہتر دن نہیں ہو سکتے۔ اعتکاف میں اللہ کی رحمت جوش میں ہوتی ہے اور دل کا زنگ دھویا جاتا ہے۔ آنکھوں کو آنسوئوں سے آشنا کرنے کیلئے خلوت بہترین ذریعہ ہے۔ شہر اعتکاف میں آنیوالے تقوی، پرہیز گاری کو شعار بنائیں اور انفرادی اور اجتماعی معمولات پر کاربند رہیں اس سے ان کی اصلاح ہو گی اور معاشرے سے منفی رویوں کے خاتمے میں مدد ملے گی۔
تبصرہ