520 دیگیں سالن، 40 ہزار روٹی، 30 ہزار لیٹر چائے، 12 من کھجور
اور پینے کیلئے 50 ہزار لیٹر پانی روزانہ استعمال ہوتا ہے
شہر اعتکاف کے سیکرٹری جواد حامد کی صحافیوں سے گفتگو
تحریک منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں ہزاروں معتکف مرد و خواتین کیلئے سحری و افطاری کی تیاری کیلئے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں۔ شہر اعتکاف کو 600حلقہ جات میں تقسیم کیا گیا ہے اور سحری و افطاری کیلئے پکوائی کا عمل 24گھنٹے جاری رہتا ہے۔ ایک دن کی سحری و افطاری کیلئے روزانہ 520 سالن کی دیگیں پکائی جاتی ہیں جو مٹن، چکن، سبزی اور حلیم پر مشتمل ہوتی ہیں۔ 300 گرام کی 40 ہزار روٹیاں، پینے کیلئے 50 ہزار لیٹر پانی، 12 من کھجور، 30 ہزار لیٹر چائے اور 150 بلاک برف استعمال ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار شہر اعتکاف 2011ء کے سیکرٹری جواد حامد نے شہر اعتکاف میں صحافیوں کو سحری و افطاری کی تفصیلات بتاتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ افطاری و سحری سے ایک گھنٹہ قبل حلقہ جات میں کھانا تقسیم کرنے کا عمل شروع ہو جاتا ہے اور ہر معتکف کو بروقت کھانا مل جاتا ہے۔ پکوائی حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھ کر کی جاتی ہے اور اس کیلئے 100 سے زائد افراد ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر اعتکاف میں ہر معتکف سے 10دن کی سحری و افطاری کیلئے 1200روپے فی کس لیا گیا ہے اور معتکفین کو معیاری کھانا فراہم کرنا شہر اعتکاف انتظامیہ کی سب سے پہلی ترجیح ہوتی ہے۔ گرمی سے بچاؤ کیلئے بڑے پنکھوں کے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
تبصرہ