سیدہ فاطمۃ الزہر (رض) کی غلامی کا پٹہ گلے میں ڈال کر ہی ایک عورت ماں، بہن، بیٹی اور بیوی کے طور پر تعمیری کردار ادا کر سکتی ہے: روبینہ خاکی

منہاج القرآن ویمن لیگ فیصل آباد کے زیراہتمام منعقدہ سیدہ کائنات رضی اللہ عنہا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے باجی روبینہ خاکی نے کہا ہے کہ آج اُمتِ مسلمہ جن آزمائشوں کا شکار ہے اس کا سبب فقط قرآن کریم اور صاحبِ قرآن صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے دوری ہے۔ اُمت ِ مسلمہ کو بڑھتی ہوئی مشکلات اور پریشانیوں سے نکلنے کے لئے دامن مصطفی  صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے جڑنا اور سیدہ کائنات کے اُسوہ کو مشعل راہ بنانا ہوگا۔ اس سے ہمیں باوقار زندگی نصیب ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سیدہ فاطمۃ الزہر رضی اللہ عنہا کی غلامی کا پٹہ گلے میں ڈال کر ہی ایک عورت ماں، بہن، بیٹی اور بیوی کے طور پر خاندان اور معاشرے کے لئے تعمیری کردار ادا کر سکتی ہے۔

کانفرنس سے ضلعی ناظمہ نوشابہ ضیاء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج مسلمان خواتین کو یہ عہد کرنا ہوگا کہ وہ اپنے کردار کو اسوہ زہر رضی اللہ عنہا میں ڈھال کر کامیاب ماں بنیں گی اور ایسی ماؤں کی تربیت سے ایسی نسل پروان چڑھے گی جو اُمت کے زوال کو عروج میں بدل کر اسلام کو پھر ایک معاشی اور سیاسی قوت بنا دے گی۔

اس موقع پر خواتین نے عہد کیا کہ وہ حضرت فاطمۃ الزہر رضی اللہ عنہا اور سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ایک ایسی ماں، بہن، بیٹی اور بیوی بنیں گی جو حسینیت کا شعور اگلی نسلوں میں منتقل کرکے عالم اسلام کو عرو ج و تمکنت دینے کا باعث ہوگی۔

اس موقع پر میڈم شاہدہ محسن، ریحانہ قریشی، قمر النساء خاکی، تسنیم افضال، فرحت دلبر، مسز یٰسین، میاں افضال شاہد، ڈاکٹر ضیا عزیز، قاری عبدالرشید اعوان اور جعفر حسین گجرکے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین بھی کثیر تعداد میں موجودتھیں۔

تبصرہ