آج کی عورت مادیت کے باعث اسلامی روایات سے بغاوت کر رہی ہے
منہاج ایجوکیشن کمپلیکس میں منعقدہ اسلامک لرننگ کورس کی ایک تقریب سے خطاب
عصر حاضر میں عورت کی تربیت بہت ہی ضروری ہے۔ دین کی بنیادی تعلیمات اور عمل سے عاری عورت اپنی اولاد کی اسلامی خطوط پر تربیت اور کردار سازی نہیں کر سکتی۔ اسی وجہ سے آج عورت معاشرتی بگاڑ کی زیادہ ذمہ دار ہے۔ ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام منہاج ایجوکیشن کمپلیکس میں منعقدہ اسلامک لرننگ کورس کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں معاشرے کو حقیقی اسلامی بنانے کیلئے مرد سے زیادہ عورت کی تربیت پر توجہ دینا ہوگی۔ مہنگائی و بے روزگاری، غربت و افلاس اور بے راہ روی نے آج ہمیں اسلام کے بتائے ہوئے حقیقی راستہ سے ہٹا دیا ہے۔ آج عورت کو اسلامی تعلیمات سے آگاہی کے زیادہ مواقع میسر نہیں۔ اس لیئے معاشرے کا شیرازہ بکھر رہا ہے۔ مٹتی ہوئی معاشرتی قدرو ں کو بچانے اور اسلام کی تجدید و احیا کے لیئے ضروری ہے کہ عورت کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا موجودہ دینی زوال اور معاشرتی بگاڑ جہالت اور دین سے دوری کی وجہ سے ہے اور فی زمانہ عورت کی تربیت اور زیور تعلیم سے آراستہ کرنا ایک ایسا فریضہ ہے جس سے غفلت کا خمیازہ امت مسلمہ کو بھگتنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو بگاڑ سے بچانے کیلئے عورتوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ آج کی عورت مادیت کے باعث اسلامی روایات سے بغاوت کر رہی ہے جس سے ہمارامعاشرتی ڈھانچہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہا ہے۔ مسلمان عورت غیر اسلامی ثقافتی یلغار سے شدید متاثر ہے، اس لیے اس کی اسلامی تربیت بہت ضروری ہے۔ آج عورت کو علم نافع کے حصول پر محنت کر کے عمل کا مرقع بننا ہوگا تا کہ زوال پذیر اسلامی قدروں کا پھر سے احیا ہو سکے۔
تبصرہ